لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم میں 5 برس دور رہنے کے بعد ٹیم میں واپسی کے خواہشمند کرکٹر سلمان بٹ نے ماضی کے لیجنڈ پاکستانی بیٹسمین جاوید میانداد کی یاد تازہ کر دی، لیفٹ ہینڈ بیٹسمین نے قطر میں ٹی 10 کے دوران آخری گیند پر چھکا مار کر ٹیم کو میچ جتوا دیا۔
تفصیلات کے مطابق دوحہ میں جاری ٹی 10 لیگ کے دوران سلمان بٹ کی ٹیم فیلکنز ہنٹرز کو جیت کیلئے آخری گیند پر پانچ سکور درکار تھے۔ قومی کرکٹر نے ہیٹ سٹورمرز کے باﺅلر کی شاٹ پچ گیند کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے باﺅنڈری کے باہر پھینک دیا اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
چھکا لگانے کے بعد سلمان بٹ نے جشن مناتے ہوئے اپنا بیٹ بھی زمین پر پھینک دیا تھا جبکہ باونڈری کے باہر ان کی ٹیم کے کھلاڑی نے گیند کو شاندار انداز میں کیچ کرکے جشن منایا۔
یاد رہے کہ ہیٹ سٹورمرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 10 اوورز میں 103 رنز بنائے تھے، ستویر سنگھ نے 23 رنز کی باری کھیلی، ہدف کے تعاقب میں فیلکنز ہنٹرز نے آخری گیند پر میچ جیت لیا۔ سلمان بٹ نے 27 گیندوں پر 39 رنز کی باری کھیلی۔ ہاشم آملہ نے 17 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ اپریل 1986 ءمیں جاوید میانداد نے شارجہ میں آسٹرو ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو بھارت کے خلاف چیتن شرما کی آخری گیند پر چھکا لگا کر تاریخی فتح سے ہمکنار کیا تھا۔