مالیاتی خسارہ کنٹرول کرنے کیلئے 200 ارب کے سکوک بانڈ جاری کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 10 December,2019 03:55 pm

کراچی: (دنیا نیوز) حکومت پاکستان وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد 200 ارب کے سکوک بانڈ جاری کرے گی، ان کے اجراء کیلئے کراچی ایئرپورٹ کی زمین رہن رکھی جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ حکومت سکوک بانڈز کے ذریعے مالیاتی خسارہ کنٹرول کرنا چاہتی ہے۔ ملک میں اسلامی بینکوں کے پاس اس وقت 300 ارب کا سرمایہ موجود ہے، حکومت اسلامی بنکوں کو سرمایہ کاری کا موقع دینا چاہتی ہے۔

سکوک بانڈز کی مدت 3 سے 5 سال ہو سکتی ہے جو وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد جاری کئے جائیں گے، ان بانڈز سے 200 سے 300 ارب روپے مل سکتے ہیں۔ سکوک بانڈ پر شرح منافع پاکستان انوسٹمنٹ بانڈ کے مساوی ہو گا جن میں پاکستان کے تین بڑے اسلامی بنک سرمایہ کاری کریں گے۔