لاہور: (روزنامہ دنیا) گلوکارہ و اداکارہ شاہدہ منی نے کہا ہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری کیلئے مجھ سے جو کچھ بھی ہو سکتا ہے میں اس کیلئے حاضر ہوں، دوسرے لوگوں کی طرح میری بھی خواہش ہے کہ فلم انڈسٹری جلد سے جلد اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر ے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹر ویو میں شاہدہ منی نے کہا کہ جس شخص کی بھی فلم انڈسٹری سے کسی نہ کسی طو رپر وابستگی رہی ہے وہ اس کیلئے سوچتا ہے اور اس کی ترقی کیلئے دعاگو ہے اور میں بھی انہی لوگوں میں شامل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سب مل کر فلم انڈسٹری کے لئے سوچیں گے تو منزل کا حصول ممکن ہو سکے گا کیونکہ یہ کسی ایک انسان کے بس کاکام نہیں ہے۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ حکومت کو بھی فلم انڈسٹری کی ترقی کیلئے ہنگامی اقدامات کرنا ہونگے تاکہ ہم اس فیلڈ میں دنیا کا بھرپور مقابلہ کر سکیں۔