لاہور: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر وکلا کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔
فردوس عاشق اعوان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قانون کا یونیفارم پہننے والوں کو قانون کی پاسداری کرنا ہوگی۔ مریضوں، ان کے لواحقین اور ڈاکٹروں کو یرغمال اور تشدد کا نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان پر تشدد کی بھی شدید مذمت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں وکلا کے اس عمل کے پیچھے ان کے انتخابات ہیں۔ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کو قانون کے کٹہرے میں ہر صورت کھڑا کریں گے۔ جنگ میں بھی مخالف فوجیں انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ہسپتالوں کو تحفظ دیتی ہیں۔ کس نے اجازت دی کہ دل کے سپتال کو مریضوں کی دل آزاری کیلئے اکھاڑے میں تقسیم کریں؟
انہوں نے کہا کہ کالے کوٹ اور سفید کوٹ میں آج جس طرح میچ ہوا سب نے دیکھا۔ وکلا کو کسی سے گلہ شکوہ تھا تو چیف ایگزیکٹو موجود ہیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے اس کے علاوہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بھی واقعے کی شدید مذمت کی اور بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوےت چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی سے رپورٹ طلب کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ توڑ پھوڑ، غریب مریضوں اور ان کے لواحقین کو ہراساں کرنا قابلِ افسوس ہے۔ لاقانونیت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔