اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے کٹھن حالات میں ملک کو سنبھالا اور دیوالیہ ہونے سے بچایا، عمران خان کی قیادت اور معاشی ٹیم کی انتھک محنت کے باعث پاکستان معاشی استحکام کی منزل کی جانب تیزی سے رواں دواں ہے۔
معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا روپے کی قدر اور غیر ملکی سرمایہ میں اضافہ ملک وقوم کے لئے نیک فال ہے، رواں سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 73 فیصد واضح کمی آئی، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے پاکستان کی 28 درجے بہتری اور موڈیز کا آؤٹ لک منفی سے مستحکم قرار دینا بین الاقوامی اداروں کا ملکی معیشت کے بہتر ہونے کا اعتراف ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا پاکستان کی سٹاک ایکسچینج نے جولائی سے 6 دسمبر تک 19.8 فیصد کا ریٹرن دیا جو گزشتہ 6 سال کے دوران سب سے زیادہ ہے۔