اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں فریال تالپور کی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
دوسری جانب جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی آج کی چھٹی کی درخواست منظور کرلی گئی۔ احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے کیس پر سماعت کی۔ فریال تالپور، عبد الغنی مجید سمیت دیگر ملزمان کو عدالت کے رو برو پیش کیا گیا۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ضمنی ریفرنس کی کاپیاں ایک دو روز میں تیار ہو جائیں گی۔ نیب نے پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری سمیت تمام ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی استدعا کر دی۔ عدالت نے فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 20 روز کی توسیع کرتے ہوئے سماعت 7 جنوری تک ملتوی کر دی گی ہے۔
یاد رہے اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں سابق صدر آصف علی کی ضمانت منظور کر کے رہا کیا تھا۔