اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹرواثق ملک پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا لوہی بھیر تھانہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمے میں پولیس پر بھی دھمکی آمیز شکایات پر کارروائی نہ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ موٹر سائیکل پر سوار دو لڑکوں نے دو فائر کئے، پہلا فائر سر کے پاس سے گزرتا ہوا گاڑی کے پچھلے حصے پر جا لگا، گاڑی تیز تھی جس پر ملزمان نے دوسرا فائر کیا جو کہ ونڈ سکرین میں لگا۔
مقدمہ میں یہ بھی موقف اختیارکیا گیا ہے کہ اسپیشل پراسیکیوٹر واثق ملک نے پولیس کو اس سے قبل بھی دھمکی آمیز کال موصول ہونے کی شکایت بھی کی تھی تاہم ایس پی انویسٹیگیشن اور انسپکٹر اشرف نے دھمکی آمیز کالز کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی اور قاتلانہ حملہ دھمکی آمیز فون کالز کی کڑی ہے۔