اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ فیصلے کا تفصیلی جائزہ لیں گے، قانونی ماہرین تمام پہلوؤں کو دیکھیں گے۔
معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے پرویز مشرف کی سزائے موت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا حکومت لیگل ٹیم کے ساتھ اس فیصلے کو دیکھے گی، تفصیلی جائزہ لینے کے بعد حکومتی بیانیہ سامنے لایا جائے گا، وزیراعظم کل واپس آرہے ہیں وہ اس کے لیگل فریم ورک کو دیکھیں گے۔
قبل ازیں فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی انتہا پسندی کی آگ نے بھارت کو لپیٹ میں لے لیا، ایسی سوچ پورے خطے کے امن کیلئے سنگین خطرہ ہے، امتیازی شہریت کے متنازعہ بھارتی قانون نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق کو روند ڈالا۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا قانون کے خلاف احتجاج کرنے والے بھارتی طلبا پر بہمانہ تشدد انسانیت کی تذلیل ہے، بھارتی ظلم کے خلاف کھڑی بہادر لڑکی مزاحمت کا استعارہ بن گئی، مودی کے بھارت کو تقسیم کرنے کے حوالے سے عالمی جریدوں کی پیش گوئی پر مہر تصدیق ثبت ہوگئی۔