حافظ آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اگر لاڑکانہ میں بھٹو زندہ ہے تو غریب مر چکے ہیں۔ بلاول نے کرپشن سے اپنا رشتہ ابھی تک نہیں توڑا۔ پیپلز پارٹی نے بھٹو کے نظریے کو ختم کر دیا ہے۔
حافظ آباد میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپشن کی وجہ سے پیپلز پارٹی آج دفن ہو گئی ہے لیکن ضدی بچہ ہر جلسے میں کھڑے ہو کر امپائر کی انگلی کا ذکر کرتا ہے۔ حالانکہ اصل امپائر پاکستان کی عوام ہے، جس نے پیپلز پارٹی کو شکست دی۔ بلاول کو اسی طرح چار سال تک اسی طرح دکھی رہنا ہوگا۔چار سال بعد یہی عوام عمران خان کو دوبارہ اقتدار میں لائیں گے۔
انہوں نے بلاول بھٹو کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کا وزیراعلیٰ اصل کٹھ پتلی ہے جس کی ڈوریاں یہ خود ہلاتے ہیں۔ یہ لوگ ملکی دولت لوٹ کر بیرون ملک لے کر گئے۔ نابالغ سیاست دان بھٹو کا نام لینے سے پہلے کراچی میں کتے کے کاٹنے کی شرح کو دیکھ لیتے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اقتدار سے دور رہنے والے آج پریشان ہیں۔ ان کو عوام کی پریشانی اس وقت یاد آتی ہے جب اقتدار سے محروم ہوتے ہیں۔
ملکی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے غریب آدمی مشکل کا شکار، ہمیں اس بات کا احساس ہے لیکن ہم نے دیکھنا ہے اس مہنگائی کا ذمہ دار کون ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے دس سالوں میں ادھار سے پاکستان کو چلایا، کمیشن لے کر پاکستان کی جڑوں کوکھو کھلا کیا اور معیشت کو وینٹی لیٹر پر ڈالا۔ سابق حکومت میں من پسند دوستوں کو نوازا گیا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان کا قانون شہباز شریف کو آوازیں دے رہا ہے۔ اگر شریف خاندان عدالتوں کا احترام نہیں کرے گا تو عام شہری کیسے کرے گا؟ شہباز شریف اگر واقعی سچے ہیں تو ملک میں واپس آئیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک بیمار اور دوسرا سہولت کار باہر گیا۔ سہولت کار کا اسمبلی والا چیمبر ابھی تک خالی ہے۔ شہباز شریف نے ایڑھیاں رگڑ رگڑ کر اسمبلی میں یہ عہدہ لیا تھا۔ وہ ہیٹ پہن کر کہتے تھے کہ دھیلے کی کرپشن ثابت ہو جائے تو سیاست چھوڑدیں گے، وہ دھیلے کی نہیں بلکہ اربوں کی کرپشن کرتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ اب مشکلات کے دن ختم ہونے والے ہیں۔ وزیراعظم عوام کو مہنگائی سے نجات دلوائیں گے۔