لاہور: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بھارت میں آج گاندھی کا نظریہ دفن ہو رہا ہے۔ اپنے نظریے پر قائم رہنے والے لیڈر ہی کامیاب ہوتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی ذات چھوڑ کر ملکی مفاد کا سوچنا ہو گا۔ ہمیں اپنے قائد کے نظریئے کوآگے بڑھانا ہوگا۔ آج تمام چور،ڈاکو،ٹھگ اکٹھے ہوگئے ہیں۔ عمران خان نے ہمیشہ قومی مفادات کی بات کی۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سیف اللہ نیازی نے ایک مشکل کام کی ذمہ داری لی ہے، اعجازچودھری نے پارٹی میں تنظیم سازی کے لیے بہت محنت کی۔ آپ لوگوں نے عمران خان کی کاز کو آگے لے کر چلنا ہے۔ آج ملک میں ایک ٹولہ اپنے ذاتی مفادات بچانے کی جنگ لڑ رہا ہے۔
اس سے قبل سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رپورٹ کی روشنی میں نواز شریف کو علاج کی اجازت دی، نواز شریف بیرون ملک گئے تو ان کے بیمار چہرے کو بھی عوام نے دیکھ لیا، لیگی خاتون ترجمان میڈیا کی توجہ کیلئے نت نئے دعوے کرتی ہیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ پی آئی سی واقعہ کی مہذب معاشرے میں گنجائش نہیں، قانون کے رکھوالوں نے قانون کو پیروں تلے روندا، حکومت قانون کے مطابق ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کریگی، ڈاکٹرز اور پیر امیڈیکل سٹاف کے تحفظ کیلئے قانون لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا جنہیں عوام نے مسترد کر دیا وہ حکومت گرانے کی باتیں کرتے ہیں، اقتدار کے شکار کو جمہوریت اس وقت چاہیے جب یہ حکومت میں ہوں، مولانا فضل الرحمان اپنے مشن میں ناکام ہوگئے، ان کا منفی ایجنڈا ناکام ہوچکا ہے، مولانا فضل الرحمان کی سوچ ہمیشہ منفی رہی ہے۔
معاون خصوصی اطلاعات نے مزید کہا سیاسی قیدی کیخلاف نیب میں انکوائریاں چل رہی ہیں، سیاسی قیدی کیلئے خصوصی طیارہ استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا ماضی کی حکومتوں نے معیشت کو نقصان پہنچایا، عالمی سطح پر معیشت سے متعلق مثبت خبریں آ رہی ہیں، عمران خان کی قیادت میں معیشت بہتری کی جانب گامزن ہوئی۔