راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ خصوصی عدالت کا فیصلہ کسی بھی تہذیب اور اقدار سے بالاتر ہے، ہمارے خدشات درست ثابت ہو گئے۔ ہمیں دشمن اور ان کے سہولت کاروں کی بھی سمجھ ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا انتہائی اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کیخلاف مختصر فیصلے پر جن خدشات کا اظہار کیا گیا، وہ اب تفصیلی فیصلے میں درست ثابت ہو رہے ہیں۔ آج کا فیصلہ کسی بھی تہذیب اور اقدار سے بالاتر ہے۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ہم نے ملکی استحکام کے لیے بہت لمبا سفر کیا، جو کام دنیا کی فوج نہیں کر سکی، وہ افواج پاکستان نے کرکے دکھایا۔ فوج اور حکومت مل کر ملک کو مستحکم بنانا چاہتے ہیں۔ ملکی استحکام کو کسی صورت ریورس نہیں ہونے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اندرونی اور بیرونی مسائل میں الجھا کر آپس میں لڑایا جا رہا ہے۔ عوام افواج پاکستان پر اعتماد رکھیں، کسی صورت انتشار نہیں پھیلنے دیں گے۔ ہم اپنے بڑھتے ہوئے قدم کو پیچھے نہیں ہٹائیں گے۔ بیرونی دشمنوں کو ناکام بنائیں گے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ چند لوگ ہمیں شکست دینے کا خواب دیکھ رہے ہیں، جو کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ موجودہ ڈیزائن ملک دشمن قوتوں کا چل رہا ہے، اس کا بھی مقابلہ کریں گے۔ پاکستان کو داخلی طور پر کمزور کرنے کی سازشیں ابھی بھی ہو رہی ہیں۔ ملک دشمن عناصر کے موجودہ عزائم کو بھی شکست دیں گے۔
DG ISPR Press Conference - 19 Dec 2019 https://t.co/UKKjhGKsap
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) December 19, 2019
ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان صرف ادارہ نہیں بلکہ ایک خاندان ہے۔ افواج پاکستان نے بہت قربانیاں دیں اور ملکی سلامتی کے لئے جانیں قربان کرنے کے حلف بردار ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ ہم ملک اور ادارے کی عزت وقار کا دفاع بھی بہت اچھی طرح جانتے ہیں لیکن ہمارے لیے ملک پہلے ادارہ بعد میں ہے۔ ہم ملک اور اس کی عزت کے وقار کا بھرپور دفاع کریں گے۔