اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ادارے اپنے آئینی اور قانونی دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے فرائض سرانجام دیں۔ اداروں کے درمیان کسی قسم کا تصادم پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کور کمیٹی کے اجلاس میں سابق صدر پرویز مشرف کیس سے متعلق عدالتی فیصلے کا جائزہ لیا گیا جبکہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر بھی مشاورت کی گئی۔
کور کمیٹی اجلاس میں اداروں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے کے لئے کردار ادا کرنے اور آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق لائحہ عمل پر مزید مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اداروں کے درمیان کسی قسم کا تصادم پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے۔ حکومت قانون اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ ادارے اپنے آئینی اور قانونی دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے فرائض سرانجام دیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں معاونت کو یقینی بنائے گی۔ افواج پاکستان نے ملک کو پرامن بنانے کے لئے لازوال قربانیاں دیں۔ بیرونی قوتیں پاکستان کو کمزور کرنے کے لئے جن سازشوں میں مصروف ہیں، ان میں انھیں ناکامی ہوگی۔ ہمیں اتحاد اور یکجہتی سے قومی مسائل کو حل کرنا ہوگا۔
کور کمیٹی اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور وزرا کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ خصوصی عدالت اور سپریم کورٹ کے فیصلوں پر بیانات نہ دیں۔