وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس، مشرف کیخلاف فیصلے سمیت اہم ایشوز پر مشاورت

Last Updated On 18 December,2019 06:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت کور کمیٹی اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت بارے تفصیلی فیصلے اور پرویز مشرف کیخلاف فیصلے سمیت اہم ایشوز پر غور کیا جا رہا ہے۔

اس اہم اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، گورنر پنجاب چودھری سرور، وزیر داخلہ اعجاز شاہ، ڈپٹی سپیکر قاسم سوری، شبلی فراز، اسد عمر اور معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان سمیت اہم شخصیات شریک ہیں۔

اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف فیصلے پر مشاورت کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق قانونی ٹیم مشرف کے خلاف فیصلے پر کور کمیٹی کو قانونی نکات پر بریفنگ دے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت کے حوالے سے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ کور کمیٹی سپریم کورٹ اور خصوصی عدالت کے فیصلوں سے متعلق حکومتی حکمت عملی پر بھی غور کرے گی۔
 

Advertisement