واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی حکومت نے پاکستانی فوج کے لیے تربیتی پروگرام بحال کرنے کی منظوری دے دی، پروگرام میں شرکت کی بحالی کانگریس کی منظوری سے مشروط ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے ایک ای میل میں کہا ہے کہ پاکستان کے لیے امریکی فوجی تربیتی پروگرام میں شمولیت کی بحالی کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعاون کا فروغ اور مشترکہ ترجیحات کو ایک موقع فراہم کرنا ہے۔
ترجمان کے مطابق امریکا ٹھوس اقدامات کے ذریعے ایسی بنیاد رکھنا چاہتا ہے جس سے خطے کی سیکیورٹی اور استحکام کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ خبر ایجنسی کے مطابق پاکستان کے لیے فوجی تربیتی پروگرام میں شرکت کی بحالی کانگریس کی منظوری سے مشروط ہے۔ سینیٹ کی منظوری کے بعد پاکستان فوج کے افسران امریکا میں فوجی تربیتی پروگرام کا حصہ بن سکیں گے۔
یاد رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انٹر نیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام میں پاکستانی فوج کے افسران کی شمولیت پر گزشتہ سال اگست میں پابندی عائد کی تھی۔