راولپنڈی: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے نارووال سپورٹس سٹی کیس میں احسن اقبال کا 13 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ عدالت نے لیگی رہنما کو 6 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی درخواست پر سماعت کی۔ نیب نے نارووال سپورٹس سٹی پراجیکٹ میں بے ضابطگیوں کے الزام میں احسن اقبال کو گرفتار کیا تھا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے احتساب عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب 20 ماہ سے تفتیش کر رہا ہے، کوئی کرپشن ملی ؟ 1993 سے ایم این اے ہوں، میرے اثاثے بڑھے نہیں کم ہوئے، کیس کا مقصد سیاسی نقصان پہنچانا اور کردار کشی کرنا ہے، نارووال سپورٹس سٹی منصوبہ پیپلزپارٹی دور میں شروع ہوا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا ڈھائی ارب کے پراجیکٹ میں 6 ارب کی کرپشن کیسے ہوگئی ؟ اگر مجھے نواز شریف اور ن لیگ سے وفاداری کی وجہ سے گرفتار کیا گیا تو مجھے یہ سزا قبول ہے لیکن اگر عمران خان کی حکومت کے خلاف بولنے سے میں چپ کر جاؤں گا تو یہ سزا قبول نہیں۔