اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایل این جی کیس میں مفتاح اسماعیل کی درخواست ضمانت منظور کر لی، ن لیگی رہنما کو ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔
ایل این جی کیس میں زیر حراست مفتاح اسماعیل کی درخواست ضمانت سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، نیب کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ مفتاح اسماعیل کے بیرون ملک فرار ہونے کا خدشہ ہے، گواہوں کو بھی دھمکی دی جا رہی ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ مفتاح اسماعیل کو پابند کرتے ہیں کہ رہائی کے بعد روزانہ تفتیشی کو فون کریں گے، بعد ازاں عدالت نے مفتاح اسماعیل کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔