ملتان: (دنیا نیوز) ڈی آئی جی جیل خانہ جات نے نیب حکام کو پانچ کروڑ کی کرپشن میں ملوث ملزمان کی فہرستیں منگوانے کیلیے تحریری درخواست بھجوا دی۔
ڈسٹرکٹ اور سینٹرل جیل ملتان میں نیب ملزمان کی تعداد 60 ہے، تاہم نیب ملزمان سے جیلوں میں بی کلاس نہ دینے کے فیصلے پر عملد رآمد کیلئے ڈی آئی جی جیل خانہ جات ملک شوکت فیروز نے تحریری درخواست نیب حکام کو ارسال کر دی ہے۔
اس درخواست میں کم از کم پچاس ملین کی کرپشن میں ملوث ملزمان کی فہرست مانگی گئی ہے۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ کرپشن میں ملوث ملزمان کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، اسی لیے بی کلاس نیب ملزمان کو نہیں دی جائیگی۔
دوسری جانب جیل میں میوزیم کی تعمیر، ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور جیل کی تزین وآرائش کیلئے چالیس ملین کا تخمینہ لاگت لگا کر کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ اسیران کی فلاح و بہبود کیلئے وکیشنل ایجوکیشن دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے جس پر ملک شوکت فیروز کا کہنا ہے کہ جیلوں میں قیدیوں کی اصلاح ترجیح ہے۔