نارووال: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اچانک ڈسٹرکٹ ہسپتال نارووال پہنچ گئیں۔ انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال نارروال میں صفائی ستھرائی، حاضری رجسٹرز، ڈیوٹی روسٹرز، طبی سہولیات و دیگرانتظامی امورکاجائزہ لیا۔
صوبائی وزیرصحت نے ایمرجنسی، آپریشن تھیٹرز اورمختلف وارڈز کا دورہ کر کے مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ مریضوں نے صوبائی وزیرسے ڈی ایچ کیو ہسپتال نارروال میں طبی سہولیات پر اطمینان کااظہار کیا۔
ایم ایس ڈی ایچ کیونارووال ہسپتال نے صوبائی وزیر کو مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ سرکاری ہسپتالوں کو اپ گریڈ کر کے مریضوں کیلئے مزید آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں، مریضوں کو ریلیف دینے کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار کے ویژن کے مطابق مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سرکاری ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی اور ادویات کی فراہمی کو خود مانیٹر کر رہے ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجہ کے معیار کو بہتر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، صحت انصاف کارڈ کے ذریعے پچاس لاکھ سے زائدخاندانوں کو مفت علاج معالجہ کی سہولت میسرآئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں سرکاری ہسپتالوں کو بین الاقوامی معیار پر لے جانے کیلئے سروس کو بہت بہتر کرنا ہو گا، صحت کے شعبہ میں عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔