اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق کو چیئرمین ہلال احمر کے عہدے پر بحال کر دیا۔ عدالت نے ابرار الحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی درست قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر سعید الہی کی درخواست مسترد کردی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے چیئرمین ہلال احمر سوسائٹی کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سنایا اور ابرار الحق کی تعیناتی کے خلاف جاری حکم امتناع خارج کر دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ابرار الحق کو چیئرمین ہلال احمر تعینات کر کے عہدے سے ہٹائے جانے والے سابق چیئرمین ڈاکٹر سعید الہی کی درخواست مسترد کر دی۔
اس سے قبل ابرار الحق کی بطور چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی تعیناتی کے کیس میں دلائل مکمل ہونے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ دوران دلائل وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس میں کہا کہ سوال صرف ایک ہے، کس رول کے تحت ابرارالحق کو تعینات کیا گیا، کیا یہ انتظامی امور ہیں جو وزیر اعظم نے چلانے ہیں، وفاقی حکومت کو اختیار نہیں، منیجنگ باڈی کے پاس اس کی اتھارٹی ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے عدالت کو بتایا تھا کہ رولز میں ترمیم کر دی گئی ہے۔