احتساب کا عمل ختم ہونے کا تاثر غلط، کسی کو ذاتی فائدہ نہیں مل سکتا: شہزاد اکبر

Last Updated On 29 December,2019 10:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی بیرسٹر شہزاد اکبر نے واضح کیا ہے کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے پراپیگنڈا بے بنیاد جبکہ احتساب کا عمل ختم ہونے کا تاثر بھی غلط ہے۔ موجودہ حکومت میں کسی کو ذاتی فائدہ نہیں مل سکتا۔

بیرسٹر شہزاد اکبر کا وفاقی وزیر مراد سعید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس سے متعلق کچھ وضاحتیں ضروری ہیں۔ گزشتہ چند روز سے تاثر پھیلایا جا رہا ہے کہ احتساب کا عمل ختم ہو گیا ہے۔ دیکھا جائے تو ماضی میں نیب قوانین میں تبدیلی کی خواہش بدنیتی پر مبنی تھی۔ اس حکومت میں کسی کو ذاتی فائدہ نہیں مل سکتا۔ ماضی میں نیب قوانین میں خود کو بچانے کیلئے ترامیم کی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سنبھالی تو معاشی حالات بہت خراب تھے لیکن اب معیشت کو درست سمت پر گامزن کر دیا گیا ہے۔ آج معیشت مضبوط اور آئی سی یو سے نکل چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیب قانون میں ترمیم ن لیگ کا پرانا مطالبہ،اب واویلا کیوں؟ شاہ محمود

معاون خصوصی شہزاد اکبر نے بتایا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کو پارلیمنٹ میں لایا جائے گا۔ اس میں بہتری کی تجاویز کو خوش آمدید کہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سال میں نیب کیساتھ زیادتی کی گئی۔ پی ٹی آئی حکومت نے نیب ملازمین کو ان کا حق دیتے ہوئے ان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا۔ ہم اداروں کا اعتماد بحال کر رہے ہیں اور نیب کے بعد ایف آئی اے کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم کا دامن صاف، لیگی ترجمانوں کی نیب آرڈیننس پر سیاست افسوسناک ہے 

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے سخت قوانین کی ضرورت ہے۔ کرپشن کرنے والے کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے۔ نیب ڈرافٹ کو دیکھے بغیر تنقید کی جا رہی ہے۔ نیب ترمیمی آرڈیننس 4 صفحات پر مشتمل ہے۔ کرپشن اور ٹیکسز سے متعلق معاملات میں ترامیم کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: نیب ترمیمی آرڈیننس، شہباز، آصف زرداری اور دیگر کیخلاف کیس غیرموثر ہونے کا امکان

انہوں نے بتایا کہ ٹیکس کے معاملات ایف بی آر دیکھے گا۔ ترمیمی آرڈیننس کا سیکشن 4 بتائے گا کہ قانون کا اطلاق کہاں ہوگا۔ 12 میں سے ایک کلاز اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق ہے۔ لیوی، امپورٹ اور ٹیکس کے معاملات نیب نہیں دیکھے گا۔ مخصوص ٹرانزیکشنز پر نیب کے قانون کا اطلاق نہیں ہوگا جبکہ ملزم پبلک آفس ہولڈر نہ ہو تو نیب کیس کو نہیں دیکھے گا۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیر مواصلات مراد سعد نے کہا کہ شہباز شریف کی بلٹ پروف گاڑیوں میں پیسہ وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچایا گیا۔ مسلم لیگ ن حکومت نے احسن اقبال کے بھائی کو بھی نوازا۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی نے امریکا سے کہا تھا کہ ڈرون حملے کرتے جائیں، ہم معاملات سنبھالیں گے، ہم صرف پارلیمنٹ میں احتجاج کریں گے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ 20 جنوری سے 192 ارب روپے سے احساس پروگرام کا آغاز ہو جائے گا۔ سردیوں میں لوگ سڑکوں پر سوتے تھے، عمران خان نے شیلٹر ہوم بنائے۔ عالمی ادارے پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں۔