اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعید غنی نے کہا ہے کہ نیب آرڈیننس صرف تحریک انصاف کیلئے لایا گیا، یہ احتساب نہیں، احتساب کے نام پر انتقام ہے، عدالتوں نے لیڈرشپ پر لگنے والے الزامات مسترد کئے۔
وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا وزیراعظم نے کہا تھا نیب قانون کی ہمیشہ مخالفت کی ہے، آرڈیننس عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو بچانے کیلئے لایا گیا، ان کے کچھ دوست نیب کے دائرے میں ہیں، نیب ترمیمی آرڈیننس کے بعد اب وہ خوش ہوں گے، پی ٹی آئی کے اتحادی نیب کے دائرکار سے باہر ہیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا وزیر توانائی کہتے ہیں گیس بحران سندھ حکومت کی وجہ سے ہے، آئین کے مطابق جس صوبے سے گیس پیدا ہو وہاں کے عوام کا اس پر پہلا حق ہے، یہ بات عمر ایوب کو بری لگتی ہے تو لگے لیکن یہ آئین میں موجود ہے، وفاق اپنی نالائقی کا الزام صوبائی حکومت پر لگا رہا ہے، کہا گیا ہم نے گیس پائپ لائن ڈالنے کی اجازت نہیں دی، سندھ سے 70 فیصد گیس نکلتی ہے لیکن پھر بھی صوبہ قلت کا شکار ہے، بجلی بلوں میں ساڑھے 14 ارب کا بوجھ عوام پر ڈالا گیا۔