اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا نجی ہسپتال میں پتے کا کامیاب آپریشن کر دیا گیا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی کا آپریشن اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں کیا گیا، شاہدخاقان عباسی کو ان کے کمرے میں منتقل کر دیا گیا۔ سابق وزیراعظم سے ان کے اہلخانہ نے ملاقات بھی کی۔
ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی کو آئندہ جمعہ تک ہسپتال میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جمعہ کو معائنے کے بعد شاہد خاقان کو ہسپتال سے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ رواں سال جولائی کے مہینے میں نیب نے سینئر رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں گرفتار کیا تھا۔ انہیں لاہور کے ٹھوکر نیاز بیگ ٹول پلازہ پر گرفتار کیا گیا۔
نیب کی طرف سے کہا گیا تھا کہ رہنما مسلم لیگ ن کو ایل این جی کیس میں عدم تعاون پر گرفتار کیا گیا۔ اس سے قبل انہوں نے کیس میں پیش ہونے سے انکار کیا تھا۔
نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کو آخری موقع دیا گیا تھا اور 11 بجے تک اسلام آباد میں ہی موجود تھے۔ ان کو نیب نے 10 بجے طلب کر رکھا تھا تاہم وہ جان بوجھ کر پیش نہ ہوئے۔ شاہد خاقان عباسی کو پیش نہ ہونے پر گرفتار کیا گیا۔