اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے ترمیمی بل کا مسودہ منظور کر لیا ہے۔
حکومت نے نیب ترمیمی آرڈیننس میں اپوزیشن کی ترامیم کو شامل اور مشاورت کرنے کا بھی عندیہ دے دیا۔ پرویز خٹک کی سربراہی میں حکومتی کمیٹی اپوزیشن سے مذاکرات کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدرات وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے ترمیمی بل کا مسودہ منظور کر لیا گیا۔ شیریں مزاری اور فواد چودھری کی جانب سے بل کے بعض نکات پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ بل کا مسودہ منظوری کے لئے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں نیب ترمیمی آرڈینینس کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اتحادی جماعتوں کے تحفظات پر وزیراعظم نے کہا کہ نیب ترمیمی بل میں اپوزیشن کی تجاویز پر بھی غور کیا جائے گا۔
اس حوالے سے وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں حکومتی کمیٹی اپوزیشن سے مذاکرات کرے گی۔ واضح رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے سابق وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے نیب قوانین میں ترامیم تجویز کی ہیں۔ تجاویز میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب کے اختیارات کم کر کے ادارے کو مضبوط بنایا جائے۔