فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے جنرل ہسپتال سمن آباد کی بلڈنگ کی تعمیر مکمل ہوئے تین سال بیت گئے مگر تاحال اسکی لفٹ اور آپریشن تھیٹر فعال نہ ہوسکا۔ سہولیات کے فقدان سے مریضوں اور انکے لوحقین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
فیصل آباد میں جنرل ہسپتال سمن آباد کی 200 بیڈز پر مشتمل 4 منزلہ نئی عمارت کی تعمیر مکمل ہوئے تین سال بیت گئے مگر آج بھی اسکی لفٹ اور مین آپریشن تھیٹر فعال نہ ہوسکا۔ آپریشن تھیٹر کی مشینری بھی پڑے پڑے زنگ آلود ہونے لگی ہے۔ لفٹ فعال نہ ہونے سے لواحقین کو اپنے مریضوں کو بالائی منزلوں پر لے جانے کیلئے مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔
معاملے پر ڈپٹی کمشنر محمد علی کہتے ہیں کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے مسائل درپیش ہیں البتہ جلد لفٹ اور آپریشن تھیٹرکو فعال کردیا جائے گا۔
آپریشن تھیٹر فعال نہ ہونے سے ہزاروں مریضوں کو الائیڈ اور سول ہسپتال کا رُخ کرنا پڑتا ہے جہاں رش زیادہ ہونے سے مریض مشکلات کا بھی شکار رہتے ہیں۔