لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی زیر صدارت اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران آئی جی پنجاب کو بریفنگ دی گئی کہ مختلف اضلاع کے 29 تھانوں کو سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز کے طور پر اپ گریڈ کیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کی میانوالی آمد اور ماڈل پولیس سٹیشن سٹی میانوالی کی افتتاحی تقریب کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اے آئی جی ڈویلپمنٹ حسن اقبال نے اجلاس میں (سپیشل انیشئیٹو) ماڈل پولیس سٹیشنز کے متعلق بریفنگ دی۔ وزیراعظم پولیس سٹیشن سٹی میانوالی میں پنجاب پولیس کے سپیشل انیشئیٹوپولیس اسٹیشنزپراجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔
ابتدائی مرحلے میں میانوالی سمیت مختلف اضلاع کے 29تھانوں کو سپیشل انیشئیٹوپولیس اسٹیشنزکے طور پر اپ گریڈ کیا گیا ہے، شہریوں کو بہتر اور بروقت سہولیات کی فراہمی کیلئے صوبے کے 50 تھانوں کو جدید آئیڈیاز کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
اے آئی جی ڈویلپمنٹ حسن اقبال کا کہنا تھا کہ عوامی سہولت کیلئے ماڈل تھانوں کی عمارت کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ لاہور فرنٹ اینڈ میں دوستانہ ماحول کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ پولیس کاؤنٹر اور ویٹنگ روم بنائے گئے ہیں۔
حسن اقبال کا کہنا تھا کہ خدمت مراکز کی طرز پر بنائے گئے کاؤنٹرز ٹوکن سسٹم کے ذریعے شہریوں کو بروقت رہنمائی اور سہولیات فراہم کریں گے، عوام کی سہولت کیلئے مصالحتی کمیٹی روم، ایس ایچ او روم اور میٹنگ ہال بھی تھانے کے فرنٹ حصے میں موجود ہونگے، تھانے کے ورکنگ امور سے متعلقہ شعبوں محرر روم، تفتیشی افسران کے کمرے اور حوالات عقبی حصے میں ہیں۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کا کہنا تھا کہ پراجیکٹ میں سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کی طرز پر شہریوں کی سہولت اور خدمت پر بطور خاص توجہ دی گئی ہے۔