پاکپتن: ڈکیتی مزاحمت پر باپ اور دو بیٹوں کو قتل کرنیوالا ڈکیت گینگ گرفتار، جدید اسلحہ برآمد

Last Updated On 08 January,2020 10:49 am

پاکپتن: (دنیا نیوز) دوران ڈکیتی مزاحمت پر باپ اور دو بیٹوں کو قتل کرنیوالے ڈکیت گینگ کو پاکپتن پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ڈی پی او کے مطابق گینگ کا سرغنہ دوران ڈکیتی قتل کا سزا یافتہ مجرم ہے، ملزمان سے چار لاکھ نقدی، قیمتی مال، آلہ قتل اور بڑی تعداد میں جدید اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

پاکپتن کے گائوں 67 ڈی میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر اللہ دتہ کو دو بیٹوں سمیت فائرنگ کر کے قتل کرنیوالے خطرناک ڈکیت گینگ کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ڈی پی او پاکپتن صاحبزادہ بلال عمر نے میڈیا کو بتایا کہ چھ رکنی گینگ کا سرغنہ دوران ڈکیتی قتل کا سزاء یافتہ مجرم ہے جبکہ گینگ کے دیگر کارندے بھی خطرناک کریمنل ریکارڈ کے حامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے 4 لاکھ نقدی، قیمتی مال مسروقہ، آلہ قتل اور بڑی تعداد میں جدید اسلحہ برآمد کیا ہے۔

ملزمان پاکپتن، ساہیوال، اوکاڑہ اور وہاڑی سمیت متعدد اضلاع میں ڈکیتی اور قتل میں درجنوں مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔ ڈی پی او نے پریس کانفرنس کے دوران کاروائی میں حصہ لینے والے ایس ایچ او چکبیدی عابد عاشق، ایس ایچ او فریدنگر افضل جتوئی اور ان کی ٹیم کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام کا اعلان کیا۔
 

Advertisement