اسلام آباد (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے حادثاتی واقعے کے اعتراف کے بعد تشویش میں کمی آنے کی امید ہے۔
اسے سے قبل آج صبح ایران نے ایک بیان میں اعتراف کہا کہ یوکرین کا مسافر طیارہ غلطی سے حملے کا نشانہ بنا۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کی تحقیقات کے مطابق واقعہ انسانی غلطی اور طاقت کے زعم میں مبتلا امریکی مہم جوئی کے دوران پیش آیا، واقعے پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے معذرت چاہتے ہیں۔
مزید پڑھیے: یوکرین کا مسافر طیارہ غلطی سے حملے کا نشانہ بنا: ایران کا اعتراف
اپنے بیان میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ خطہ مزید کسی کشیدگی یا لڑائی کا متحمل نہیں ہو سکتا اور پاکستان کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ وزیراعظم کی ہدایت پر ایران روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ ایرانی قیادت سے ملاقات کریں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی میں کمی لانے کی ضرورت ہے، صدر ٹرمپ کے حالیہ بیان سے ایک امید کی کرن دکھائی دی ہے۔