سٹاک مارکیٹ میں 683.98 پوائنٹس کی زبردست تیزی، 43 ہزار کی نفسیاتی حد بحال

Last Updated On 10 January,2020 05:35 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران مشرق وسطی میں کشیدگی میں کمی کے باعث ایک مرتبہ پھر زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس میں 683.98 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔ انڈیکس 17 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جبکہ حصص کی مالیت میں 95 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران ایک مرتبہ پھر بڑھ گیا، انڈیکس میں 683.98پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی جس کے باعث مارکیٹ میں پاکستان سٹاک مارکیٹ 43 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی جبکہ مزید 7 حدیں بحال ہو گئیں۔ بحال ہونے والی حدوں میں 42600، 42700، 42800، 42900، 43000، 43100، 43200 کی حدیں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سٹاک مارکیٹ کے انڈیکس 1165.51 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 42523.07 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا تیزی کے باعث 12 حدیں بحال ہوئیں تھیں، بحال ہونے والی حدوں میں 41400، 41500، 41600، 41700، 41800، 41900، 42000، 42100، 42200، 42300، 42400 اور 42500 کی حدیں شامل تھیں۔ حصص کی مالیت میں 174 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

آج کاروبار کا آغاز ہی مثبت انداز میں ہوا، پہلے دو گھنٹوں کے دوران انڈیکس میں 300 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، اس تیزی کے باعث 42800 کی حد بحال ہوئی تھی۔ جس کا تسلسل دوپہر 12 بجے تک دیکھنے کو ملا، اس دوران حصص مارکیٹ کی 43000 کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی۔

تیزی کا یہ سفر مزید اگلے دو گھنٹے تک جاری رہا اور انڈیکس 43155.44 پوائنٹس کی سطح پر پہنچا، ایک موقع پر انڈیکس 43241.78 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچا تھا تاہم یہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔

کاروبار کے اختتام پرپاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 683.98 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 43207.05 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ حصص کی مالیت میں 95 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

مارکیٹ 17 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.58 فیصد بہتری دیکھی گئی۔ آج ٹریڈنگ کے دوران 30 کروڑ 35 لاکھ 65 ہزار 340 شیئرز کا لین دین ہوا۔ ان شیئرز کی مالیت 13 ارب78 کروڑ 82 لاکھ 49 ہزار 459 روپے بنتی ہے۔ دو روز میں مارکیٹ 1863 پوائنٹس بڑھ گئی مئی 2019 میں دو روز کے دوران اسٹاک مارکیٹ اتنی بڑھی۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ملک میں سیاسی فضا میں بہتری، قومی اسمبلی، سینیٹ میں آرمی ایکٹس کی منظوری اور مشرق وسطی میں چھائی امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کی کمی کے باعث تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ دو روز کے دوران زبردست ٹریڈنگ کے باعث 1849.49 پوائنٹس بحال ہوئے اس کا تسلسل آئندہ ہفتے بھی دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

 

Advertisement