اسلام آباد: (دنیا نیوز) فریال تالپور کو ریلیف مل گیا، الیکشن کمیشن میں فریال تالپور کے خلاف نااہلی کی درخواست عدم پیروی پر خارج کر دی گئی۔
الیکشن کمیشن میں فریال تالپور کے خلاف نااہلی کی درخواست پر سماعت قائم مقام چیف الیکشن کمشنر الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کی۔ فریال تالپور کی جانب سے فاروق ایچ نائیک الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے جبکہ درخواستگزار ایم پی اے ارسلان تاج کی جانب سے کوئی بھی پیش نہ ہوا۔
فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے جواب جمع کراتے ہوئے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھا دیا۔ الیکشن کمیشن نے عدم پیروی کے باعث فریال تالپور کے خلاف نااہلی کی درخواست خارج کر دی۔
خیال رہے رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج نے فریال تالپور کی نااہلی کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔