الیکشن ٹریبونل:سردار عبدالرحمان اور اکبر آسکانی کے حلقوں پر دوبارہ پولنگ کا حکم

Last Updated On 31 December,2019 02:51 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان الیکشن ٹریبونل نے اراکین اسمبلی سردار عبدالرحمان کھیتران اور اکبر آسکانی کے خلاف انتخابی عذرداریوں کی درخواستوں پر فیصلہ دیتے ہوئے دوبارہ انتخابات کرا نے کا حکم دے دیا۔

بلوچستان ہائی کورٹ میں قائم الیکشن کمیشن ٹریبونل میں انتخابی عذرداریوں کی سماعت جسٹس نذیر احمد لانگو پر مشتمل بینچ نے کی۔ سماعت کے دوران فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر الیکشن ٹریبونل نے سردار عبدالرحمان کھیتران اور اکبر آسکانی کے حلقوں پر دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دے دیا۔ الیکشن ٹریبونل نے الیکشن کمیشن کو دونوں کی کامیابی کا نوٹی فیکیشن معطل کرنے کا بھی حکم دیا۔

عبدالرحمان کھیتران کے خلاف نیشنل پارٹی کے عبدالکریم کھیتران نے انتخابی عذرداری دائر کی تھی جبکہ اکبر آسکانی کے خلاف انتخابی عذرداری اصغر رند نے دائر کر رکھی تھی۔ سردار عبدالرحمان کھیتران صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 8، بارکھان اور اکبر آسکانی صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 48 کیچ فور سے کامیاب ہوئے تھے۔

سردار عبدالرحمان کھیتران اور اکبر آسکانی کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے، فریقین کی جانب سے انتخابات 2018 کے دوران دھاندلی کا الزام عائد کیا تھا۔