اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کو بیرون ملک جانے سے ہر صورت روکنے کیلئے کمر کس لی، ایک اور کیس میں مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ذرائع نے دنیا نیوز کو بتایا ہے کہ حکومت نے مریم نواز کو کسی صورت بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دینے کی ٹھان لی ہے۔ مریم نواز کا نام ای سی ایل سے کسی صورت نہیں نکالا جائے گا بلکہ ایک اور کیس میں مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ن لیگ کو این آر او دینے کا تاثر زائل کرنے کیلئے مریم نواز کے بیرون ملک جانے پر پابندی لگائی جائے گی، حکومتی رویئے پر پی ٹی آئی کے نظریاتی رہنما شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کا پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ جیسا طرز عمل پریشان کن ہے، موجودہ طرز عمل کے بعد تحریک انصاف و دیگر جماعتوں میں کیا فرق رہے گا۔
نظریاتی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بیمار نواز شریف کی لندن کی تصاویر سامنے آنے کے بعد حکومت پر بھی تنقید ہو رہی ہے۔