اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت اور اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کے معاملے پر جلد کسی ایک نام پر اتفاق کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان نئے ناموں کا تبادلہ جمعہ کو ہوگا۔
تفصیل کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی تقرری کے معاملہ پر حکومت اور اپوزیشن کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فخر امام، شیریں مزاری، اسد عمر، پرویز خٹک اور علی محمد خان جبکہ اپوزیشن کی طرف سے شازیہ مری، نوید قمر، مشاہد اللہ خان، رانا تنویر، رانا ثناء اللہ اور شیزا فاطمہ خواجہ شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق حکومت چیف الیکشن کمشنر کے لئے 3 ناموں میں سے 2 نئے نام پیش کرے گی۔ حکومت کی طرف سے پہلے پیش کردہ ناموں پر اتفاق نہیں ہو سکا تھا۔
حکومت اور اپوزیشن نے جلد کسی ایک نام اتفاق کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اپوزیشن ارکان نے دعویٰ کیا کہ ہفتے تک کسی بھی ایک نام پر اتفاق کر لیں گے۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کے نئے ناموں کا تبادلہ جمعہ کو ہوگا۔
پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے دو ممبران کی تقرری پر اتفاق ہو چکا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کے نام پر اتفاق ہونا باقی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہد اللہ خان نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کا معاملہ پارلیمنٹ میں ہی حل ہونا چاہیے۔ ہم چیف الیکشن کمشنر کے نام فائنل کرنے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔ اگلے اجلاس میں کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔
مشاہد اللہ خان کا مزید کہنا تھا کہ عدالت سے مزید وقت لے لیا جائے گا۔ اگلے ہفتے کو جو اجلاس ہوگا، اس میں فیصلہ ہو جائے گا۔ حکومتی ناموں میں تبدیلی آئے گی اور نئے ناموں میں سے کسی ایک پر اتفاق رائے ہونے کے امکانات ہیں۔