اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے رویے کا نوٹس لیتے ہوئے ان پر ٹاک شوز میں شرکت پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان گزشتہ دنوں پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیتے ہوے فیصل واوڈا سے وضاحت بھی طلب کی ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات فردو عاشق اعوان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری پیغام میں بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا سے نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں ان کے رویے پر وضاحت طلب کرتے ہوئے ان کی کسی بھی ٹاک شو پر آئندہ دو ہفتوں کیلئے شرکت پر پابندی عائد کر دی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نجی ٹی وی کے ایک شو میں شریک ہوئے اور اپوزیشن جماعتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کی اس روش پر ساتھی مہمان قمر زمان کائرہ اور سینیٹڑ جاوید عباسی دوران پروگرام اٹھ کر چلے گئے۔
دونوں رہنماؤں کے پروگرام سے جانے پر فیصل واوڈا نے تبصرہ کیا کہ یہ یہی کر سکتے ہیں، 35 سال سے یہ جو سمجھتے آئے ہیں، وہی سمجھ رہے ہیں۔ یہ چور لٹیرے ہیں، اپنا مطلب ہو تو لیٹ جاتے ہیں، یہ لوگ ہمیشہ الیکشن چوری کرکے اقتدار میں آئے، آج میں نے ان کو بے نقاب کیا اس لیے پروگرام سے چلے گئے۔
فیصل واوڈا نے سابق وزیراعظم کی صحت کے حوالے سے کہا نواز شریف کے باہر جانے سے پہلے ہی کہہ رہا تھا کہ وہ بیمار نہیں بلکہ باہر بھاگنے کے راستے ڈھونڈ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ نواز شریف کی بیماری ڈرامہ ہے۔ مریم نواز کس کی عیادت کرنے بیرون ملک جانا چاہتی ہیں؟ مریم نواز کو باہر نہیں جانے دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا سے نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں ان کے رویے پر وضاحت طلب کر لی۔وزیراعظم نے فیصل واڈا کی کسی بھی ٹاک شو پر آئندہ دو ہفتوں کیلئے شرکت پر پابندی عائد کردی ہے۔
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) January 16, 2020