اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف اور وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی جانب سے ٹاک شو میں لایا گیا بوٹ سینیٹ میں بھی موضوع بحث بن گیا، سینیٹر کلثوم پروین نے سیاسی رہنماوں کی تذلیل اور وفاقی وزیر پر 2 ہفتوں کی پابندی سے متعلق سوالات اٹھا دیئے۔
وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا ٹاک شو میں بوٹ لانے کا معاملہ سینیٹ پہنچ گیا، سینیٹر کلثوم پروین کہتی ہیں ٹاک شو میں ایک بوٹ لا کر رکھا گیا، جاوید عباسی اور قمر زمان کائرہ کی تذلیل کی گئی، کیا ہم تمام لوگ ٹاک شو میں جانا چھوڑ دیں۔ کیا دو ہفتے کی پابندی بہت ہے، یہ بوٹ میرے بچوں اور بھائیوں کا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل فیصل واوڈا ایک ٹاک شو میں بوٹ اٹھا کر لے آئے تھے اور شو میں موجود اپوزیشن رہنماوں سے متعلق قابل اعتراض جملے کسے جس پر وزیراعظم عمران خان نے بھی اظہار ناراضی کیا تھا۔