لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ حکومتی اتحادی پہلے بھی ہمارے ساتھ تھے ،اب بھی ہیں۔ اتحادی حکومت آسان کام نہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’دنیا کامران خان کیساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ق میں بے چینی صحیح ہے، ق لیگ کے ساتھ کئی مسائل ایسے ہیں جو حل نہیں ہوسکے۔ ان سےرابطے میں ہیں۔ ان کیساتھ انڈر اسٹینڈنگ ہے،وہ آن بورڈ ہے،کوئی ایشو نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے تمام مسائل کو حل کر دیا ہے۔ چند تحفظات پر اتحادی جماعت کیساتھ بات چیت کریں گے۔
جہانگیر خان ترین کا کہنا تھا کہ اتحاد کے حوالے سے ہماری سب سے زیادہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی مینگل) کیساتھ ہوئیں، حکومتی اتحادی پہلے بھی ہمارے ساتھ تھے، اب بھی ہیں اتحادی حکومت آسان کام نہیں، مسائل ہوتے رہتے ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ میں، وزیر دفاع پرویز خٹک، ارباب شہزاد ، فاقی وزیر اسد عمر کل متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان سے ملیں گے۔ کراچی سے ہماری جماعت نے قومی اسمبلی کی 14 سیٹیں جیتی ہیں۔ شہر قائد میں انشاء اللہ پی ٹی آئی کے ووٹرز کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔
جہانگیر خان ترین کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کیلئے صوبائی حکومت کو ساتھ لینا ضروری ہے، ووٹر یہ نہیں جانتا کہ کیا کام صوبائی اور کیا کام وفاقی حکومت کا ہے۔ ووٹرکہتا ہےکہ پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، وہ ہی ڈلیور کرے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو ووٹ دینے والا کراچی کا ووٹر حق بجانب ہے۔ شہر قائد نے ہمیں ووٹ دیا ہے، امیدیں پوری کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں جہانگیر خان ترین کا کہنا تھا کہ پنجاب میں زراعت سمیت بہت سے اچھے کام ہو رہے ہیں، صوبے میں گورننس کافی جگہ بہتر ہے کچھ کمزوریاں بھی تھیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خان صاحب نے پنجاب میں گورننس کیلئے نئی ٹیم بھیجی ہے، وزیراعظم خود بھی پوری طرح پنجاب میں متحرک ہیں۔ وزیراعلیٰ چیف ایگزیکٹو ہیں، ان کے بغیر تو کوئی کام نہیں ہوسکتا۔
تحریک انصاف کے سینئر رہنما کا پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چھ آٹھ مہینوں میں پنجاب نمایاں تبدیلی نظر آئے گی۔ صوبے میں کامیاب نہ ہوئے تو الات بہت ہی مشکل ہو جائیں گے۔ مہنگائی ایک بہت بڑا ایشو ہے اور سب کی زبان پربھی ہے۔