لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی نے حکومتی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ سال میں ہر چیز اوپر گئی، کوئی چیز نیچے آئی تو وہ آمدن ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری نے ملک کو چاروں طرف سے گھیر لیا ہے۔
آٹا بحران پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ آٹے سمیت خوراک کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے غریب کی کمر توڑ دی ہے۔ موجودہ حکومت نے عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسائے ہیں۔ مہنگائی پر قابو پانے کی کوشش نہ ہوئی تو عوام حکومت کو زیادہ دیر برداشت نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھے کہ جو حکومت ڈلیور نہ کر پائے، اسے ٹیکس یا بل نہیں دینا چاہیے۔ آج ان کی حکومت ڈلیور نہیں کر پا رہی تو کیا اس حکومت کو ٹیکس دیا جانا جائز ہے؟
سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ آٹے اور گندم کے بحران کی تحقیقات کیلئے ایک تحقیقاتی کمیٹی بنائی جائے۔ کمیٹی پتا لگائے کہ آٹے کا یہ بحران کیسے پیدا ہوا ہے؟
انہوں کہا کہ اس سازش میں ملوث افراد کو سزا دی جائے۔ جماعت اسلامی عوام کے دکھ درد کو اپنا سمجھتی ہے۔ ہماری جماعت مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف تحریک چلائے گی۔