سابق وزیراعظم نوازشریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی ضمانت منظور

Last Updated On 21 January,2020 02:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ انہیں‌ 10 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے.

لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران ملزم فواد حسن فواد کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کو2018 میں گرفتار کیا لیکن ابھی تک فرد جرم عائد نہیں ہوئی۔ تفتیش کے وقت اربوں کی جائیداد کا کہا ، ریفرنس میں 108 ملین کا الزام لکھا۔ پہلے جن جائیدادوں کا الزام تھا وہ ریفرنس میں موجود ہی نہیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ بے نامی جائیداد ہے، رشتے داروں کے نام پر سب رکھا ہے، فواد کی اہلیہ نے تحریری جواب میں لکھا کہ وہ ہاوس وائف ہیں، ایک پلازہ کمپنی کے نام ہے جس کی سی ای او فواد کی اہلیہ ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ جن کے نام اثاثے ہیں انہیں گرفتار کیوں نہیں کیا، کیا کسی رشتے دار نے کہا کہ جائیداد فواد چوہدری نے لی۔ عدالت نے وکلائے طرفین کے دلائل سننے کے بعد فواد حسن فواد کو 10 لاکھ مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیدیا۔