نیب نے عدم شواہد کی بنیاد پر زلفی بخاری کیخلاف انکوائری بند کردی

Last Updated On 16 January,2020 05:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری کیخلاف انکوائری عدم شواہد کی بنیاد پر بند کر دی ہے۔

نیب ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زلفی بخاری کیخلاف آف شور کمپنی کی تحقیقات کی گئی تاہم عدم شواہد کی بنیاد پر اب اسے بند کر دیا گیا ہے۔

ادھر نیب نے توشہ خانے سے تحائف کی گاڑیاں اونے پونے تقسیم کرنے کے الزام میں سابق صدر آصف زرداری سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

یہ فیصلہ چیئرمین نیب کے زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔ نیب نے ریفرنس کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں 2 سابق وزرائے اعظم اور سابق صدر ملزم کو نامزد کر دیا گیا ہے۔ ملزمان نے توشہ خانہ سے تحائف کی گاڑیاں اونے پونے داموں تقسیم کیں۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے توشہ خانہ کی گاڑیوں کے بارے میں نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی سے پوچھ گچھ کی جا چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف، زرداری اور یوسف رضا گیلانی کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری