گیس منصوبہ: پاکستان، روس کا معاہدہ میں ترمیم پر اتفاق

Last Updated On 23 January,2020 09:38 am

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) پاکستان اور روس نے نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن منصوبے کو امریکی پابندیوں سے بچانے کی راہ نکال لی، پاکستان اور روس کے مابین 2 ارب امریکی ڈالر کے نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن منصوبے کے بین الحکومتی معاہدہ میں ترمیم پر اتفاق کر لیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ترمیم شدہ پروٹوکول کے تحت روسی حکومت کی تجویز کردہ امریکی پابندیوں سے آزاد روسی کمپنی کو نئے معاہدے میں شامل کیا جائے گا اور امکان ہے کہ پروٹوکول میں ترمیم کے معاہدے پر ایک ماہ میں دستخط کر دیئے جائیں گے، دونوں جانب سے مارچ میں BOOT ( بلڈ، اون، آپریٹ و ٹرانسفر) معاہدے کا امکان ہے۔ حتمی معاہدے پر دستخط اس سال جولائی میں ہونگے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور روس کی حکومتوں نے نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن منصوبے کی تعمیر کیلئے اکتوبر 2015 میں بین الحکومتی (جی ٹو جی) معاہدہ پر دستخط کیے تھے، پاکستان کی جانب سے اس منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ذمہ داری انٹراسٹیٹ گیس سسٹم (آئی ایس جی ایس) اور روس کی جانب سے آر ٹی گلوبل کو سونپی گئی تھی تاہم روسی کمپنی آر ٹی گلوبل پر امریکا کی جانب سے عائد پابندیوں کی وجہ سے یہ منصوبہ کئی سالوں سے تعطل کا شکار رہا۔ پاکستان اس منصوبے پر عملدرآمد کیلئے روس پر زور دیتا رہا کہ امریکی پابندیوں سے پاک روسی کمپنی کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ کراچی سے لاہور تک گیس کی ترسیل میں مدد ملے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے روس کے نائب وزیر توانائی اناطولی ٹخی نوف کی سربراہی میں ایک وفد نے گزشتہ پیر کو وزیر توانائی عمر ایوب خان اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر سے ملاقات بھی کی تھی، اس ملاقات کے بعد نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن منصوبے میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، پاکستان کی جانب سے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے کہ اس منصوبے میں شامل ہونیوالی نئی کمپنی امریکی پابندیوں سے آزاد ہے او ر آر ٹی گلوبل کو پائپ لائن بچھانے کا وسیع تجربہ بھی ہے جس سے اس منصوبے کی بروقت تکمیل میں مدد ملے گی۔