وزیراعلی سندھ سے ملاقات، وزیراعظم نے آئی جی تبدیل کرنیکی درخواست منظور کرلی

Last Updated On 27 January,2020 09:12 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ سندھ کیساتھ ملاقات میں ان کی جانب سے آئی جی کلیم امام کو تبدیل کرنے کی درخواست منظور کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے جنہوں نے آئی جی کو تبدیل کرنے کے مطالبہ کی حمایت کی۔ اس اہم ملاقات میں آئی جی سندھ کیلئے زیر غور افسران میں کسی ایک کو تعنیات کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا جبکہ صوبائی کابینہ کے فیصلوں اور تحفظات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ملاقات گورنر ہاؤس میں ہوئی جس میں مختلف معاملات پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کو زیر التوا ترقیاتی سکیموں، ٹڈی دل کے مسئلے، پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز، کرونا وائرس کے جانی نقصانات اور پاکستان میں اس کے ممکنہ اثرات پر بات چیت کی جبکہ گندم کے بحران سے بھی انھیں آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے انھیں یقین دلایا کہ جو سکیمز التوا میں ہیں، ان کو وفاقی وزیر اسد عمر کو کہہ کر جلد منظور کروائیں گے۔ جبکہ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے وفاقی حکومت بھرپور اقدامات کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز تشویشناک ہیں۔ وہ جلد اس اہم مسئلے پر اجلاس کریں گے جس میں اس موذی مرض پولیو کے خاتمے کیلئے حکمت عملی تبدیل کی جائے گی۔

انہوں نے کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پش نظر صوبائی حکومتوں کو ڈبلیو ایچ او کی رہنمائی کے حساب سے اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور کہ اس کی روک تھام کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جلد آٹے کے بحران اور نئی فصل کی خریداری کیلئے اقدامات کے حوالے سے اجلاس کرینگے۔

بعد ازاں وزیراعظم کی گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) وفد سے بھی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انھیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
 

Advertisement