لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے جہاں گورنر چودھری سرور اور وزیراعلی پنجاب سے ملاقاتیں کریں گے، عمران خان مختلف اجلاسوں کی صدارت کے علاوہ ناراض گروپ کے تحفظات کا جائزہ بھی لیں گے۔
صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان آج لاہور میں مصروف دن گزاریں گے، وزیر اعظم عمران خان صوبائی کابینہ کے ارکان سے بھی ملیں گے۔ ان کی ناراض گروپ کے ارکان سے ملاقات بھی طے ہے جس میں پنجاب کے سیاسی محاذ پر الجھے معاملات کو سلجھانے کی کوشش بھی کریں گے۔
وزیراعظم مختلف اجلاسوں کی صدارت کے علاوہ پنجاب کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعلی عثمان بزدار وزیر اعظم کو پنجاب حکومت کی کارکردگی پر بریفنگ بھی دیں گے۔