اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف نے ترکی میں زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے اپنے الگ الگ بیانات میں ترکی میں ہولناک زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں ترک حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ترکی میں آنے والے اس زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کا سن کر بہت دکھ ہوا، اس مشکل گھڑی میں پاکستانی قوم اپنے ترک بہن بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ترک حکام کے نام اپنے پیغام میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج کا دستہ ترکی کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں حصہ لینے کیلئے تیار ہے، پاک فوج کے دستے میں سپیشل ریسکیو اور ریلیف ٹیموں سمیت فیلڈ میڈیکل سہولیات بھی مدد کے لئے تیار ہیں، حکومت پاکستان کی جانب سے ترکی کو فوری تعاون اور امداد کی پیشکش پہلے ہی کی جاچکی ہے۔