2019ء کا شدید ترین زلزلہ، پورا ملک لرز اٹھا، لاہور میں بچے سمیت 3 زخمی

Last Updated On 20 December,2019 10:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

 پاکستان بھر میں آنے والا حالیہ زلزلہ اتنا شدید تھا کہ لوگ گھروں اور دفاتر سے خوف کے مارے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، چنیوٹ، سرگودھا، نارووال، ڈسکہ،ایبٹ آباد اور راولا کوٹ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ادھر چترال میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکوں کے باعث پہاڑوں سے پتھر گرنے کے واقعات ہوئے، تاہم کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

خیبر پختونخوا کے شہروں لکی مروت، بٹگرام، ملاکنڈ، ایبٹ آباد جبکہ آزاد کشمیر کے علاقوں میرپور ودیگر، اس کے علاوہ مری، سوات، کوٹلی، بھمبر، ہری پور، کلرکہار، ڈی آئی خان، سکردو، لوئر دیر اور اپر دیر میں بھی زلزلہ آنے کی اطلاعات ہیں۔

پاکستان کے علاوہ دیگر ہمسایہ ملکوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ تاہم ابھی تک زلزلے سے کسی حادثے کی کوئی خبریں نہیں ہیں۔

انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق دارالحکومت دہلی، متھرا، لکھنو، شمالی بھارت اور مقبوضہ کشمیر کے کئی علاقے بھی زلزلے سے لرز اٹھے۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ صرف پاکستان ہی نہیں، دنیا کے کئی ممالک میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق گوئٹے مالا اور تاجکستان میں 4.5، فرانس میں 2.8، چلی میں 4، جاپان میں، 4.3، انڈونیشیا کے جزیرے سلاویسی میں 4.5 ریکارڈ، آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں 2.4، جنوبی یونان میں 3.3 اور شمالی ایران میں 3.8 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ چار ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز کوہ ہندو کش جبکہ گہرائی 200 کلومیٹر زیر زمین تھی۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے بیان میں کہا گیا ہے کہ زلزلہ سے ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ تمام متلعقہ محکموں سے رابطہ میں ہیں۔

زلزلے سے لاہور کے علاقہ فیروز پور روڈ کے علاقے سلمان پارک میں کام کے دوران دو مزدور اونچائی سے گر گئے۔ زخمی ہونے والوں میں 45 سالہ غلام نبی اور 42 سالہ وریان شامل ہیں۔ ریسکیو کی ٹیم نے دونوں کو فوری جنرل ہسپتال منتقل کر دیا۔

ادھر لاہور کے علاقہ لوہاری گیٹ میں زلزلہ کے دوران سیڑھیوں سے گر کر زخمی ہونے والے بچے کو میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔


 

 

Advertisement