تہران: (ویب ڈیسک) ایران میں زلزلے نے چھ زندگیاں نگل لیں۔ ريکٹر اسکيل پر 5.9 کی شدت کے یہ جھٹکے ايرانی صوبے مشرقی آذربائيجان ميں محسوس کيے گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’’الجزیرہ‘‘ کے مطابق ايران ميں جمعے کی صبح زلزلہ آيا، جس کے نتيجے ميں 6 افراد کی ہلاکت اور 350 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصديق ہو چکی ہے۔
ريکٹر اسکيل پر 5.9 کی شدت کے جھٹکے ايرانی صوبے مشرقی آذربائيجان ميں محسوس کيے گئے۔ زيادہ تر افراد معمولی زخمی ہوئے اور صرف پانچ کو ہسپتال منتقل کيا گيا ہے۔
امريکی جيولوجيکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز زمين سے 6.2 کلوميٹر کی گہرائی ميں تھا۔ زلزلے کے بعد متاثرہ علاقے ميں ضمنی اور کم شدت کے جھٹکے ابھی تک وقفے وقفے سے محسوس کيے جا رہے ہيں۔
ایران کے طبی امداد کے چیف پیر حسین کلوند کا کہنا ہے کہ ریسکیو اہلکار اور ہیلی کاپٹرز متعلقہ جگہوں پر پہنچ گئے ہیں اور طبی امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 350 کے قریب زخمی ہیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا ارنا کے مطابق زلزلے کے بعد 60 مرتبہ آفٹر شاکس محسوس کیے گئے۔ بہت سارے لوگوں نے پورا دن کھلے آسمان تلے اپنے گھروں سے باہر گزارا۔