سوات ایک بار پھر زلزلے سے لرز اٹھا، لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا

Last Updated On 05 January,2020 11:47 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے علاقے سوات اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ زلزلے کی شدت سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.2، گہرائی 181 کلومیٹر جبکہ مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔

خیال رہے گزشتہ دنوں بھی سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ 4.2 کی شدت سے آنے والے زلزلے کا مرکز پاک، افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا جبکہ اس کی گہرائی 20 کلومیٹر تھی۔ حکام کے مطابق زلزلے سے کسی شخص کی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

یہ بھی پڑھیں: سوات اور گردونواح‌ میں 4.2 شدت کا زلزلہ، عوام میں‌ خوف و ہراس

یاد رہے اس سے قبل گزشتہ سال کے آخری دنوں میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے کچھ علاقوں میں بھی زلزلہ آیا تھا جس کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: 2019ء کا شدید ترین زلزلہ، پورا ملک لرز اٹھا، لاہور میں بچے سمیت 3 زخمی

ارضیاتی ماہرین کے مطابق سال 2019 میں 256 زلزلے آئے جبکہ ماہ اگست میں سب سے زیادہ زلزلے آئے جن کی تعداد 32 تھی، زیادہ تر زلزلوں کا مرکز کوہ ہندو کش رہا۔
 

Advertisement