اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کیلئے برطانیہ کی نئی ٹریول ایڈوائزری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے معاشی مسائل کے حل میں مدد ملے گے گی۔
وزیراعظم کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ برطانوی ٹریول ایڈوائزری سے سیاحت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی آئے گی جبکہ سیاحت کے فروغ سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ بلاشبہ یہ ایک بڑی خوشخبری ہے جس سے پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔ ہمارے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور پاکستان کو درپیش دو اہم ترین معاشی مسائل یعنی روزگار کی فراہمی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے حل میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کا خیر مقدم کرتے ہیں: فردوس عاشق
اس سے قبل ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھی برطانیہ کی جانب سے پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری میں مثبت تبدیلی کا خیر مقدم کیا تھا۔
اپنی ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ نہایت خوش آئند ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا بیرونی دنیا میں امیج تبدیل ہو رہا ہے۔
دوسری طرف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مثبت ٹریول ایڈوائزی سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان روابط مزید مضبوط ہونگے۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جسے اللہ تعالیٰ نے انتہائی خوبصورت فطری مناظر سے نواز رکھا ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پرتپاک مہمان نوازی پاکستانی سرزمین کا خاصہ ہے، مثبت ٹریول ایڈوائزی سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان روابط مزید مضبوط ہونگے۔ 2015ء کے بعد برطانیہ ٹریول ایڈوائزی کے حوالے سے پہلی بڑی پیشرفت ہے ، سب کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان برطانوی شہریوں کے لئے سفری ایڈوائزری میں مثبت تبدیلی کا خیر مقدم کرتا ہے۔