کامیابی کیلئے پیچھے مڑنے کا کوئی راستہ نہیں: وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 23 January,2020 12:58 pm

ڈیووس: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ کامیابی کیلئے پیچھے مڑنے کا کوئی راستہ نہیں، نظریات کے بغیر قومیں تباہ ہو جاتی ہیں، اکثر لوگ مشکل میں ہمت ہار دیتے ہیں، کرکٹ ٹیم سے نکالنے پر واپسی میں تین سال لگے، انسان کی اصل کامیابی برے حالات میں بھی پرامید رہنا ہے۔

پاکستان بریک فاسٹ میٹ کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کرپٹ سٹیٹس کو پاکستان کا بھی مسئلہ ہے، کرپٹ افراد اداروں کو تباہ کر دیتے ہیں، ہم آہستہ لیکن بتدریج تبدیلی کی جانب بڑھ رہے ہیں، 40 سال سے تنقید کا سامنا کر رہا ہوں، پاکستان کی ترقی کیلئے بہتر نظام حکومت ہونا نا گزیر ہے، سابقہ حکومتوں نے افرادی قوت، تعلیم و صحت پر اب تک کچھ خرچ نہیں کیا۔

عالمی برادری جان لے کشمیر کا مسئلہ گھمبیر ہوچکا: وزیراعظم عمران خان

عمران خان کا کہنا تھا نظریات کے بغیر قومیں تباہ ہو جاتی ہیں، کامیابی کیلئے پیچھے مڑنے کا کوئی راستہ نہیں ہے، کامیابی حاصل کرنے کیلئے کوئی پلان بی نہیں ہوتا، 60 کی دہائی میں پاکستان بھرپور ترقی کر رہا تھا اور ہم رول ماڈل تھے، ہماری ڈگریوں کی پذیرائی ہوتی تھی، میرا یقین ہے گڈ گورننس کے باعث پاکستان ترقی کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا بھارت پاکستان کے مقابلے میں 7 گنا بڑا ہے، ہم نے کئی بار شکست دی، بڑے ہدف کو پانے کیلئے آپ کو اپنی کشتیاں جلانا پڑتی ہیں، ہم تعلیم اور انسانوں پر پیسہ خرچ نہیں کرتے، پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا میرا وژن ہے، ہم صنعتکاری کو فروغ دے رہے ہیں، غربت میں کمی کیلئے حساس پروگرام شروع کر رہے ہیں، حکومت سرمایہ کاروں کو سہولتیں دے رہی ہے۔
 

Advertisement