پاکستان میں کرپشن بڑھ گئی، عمران خان ناکام ترین وزیر اعظم ہیں: شہباز شریف

Last Updated On 23 January,2020 09:09 pm

لندن: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرپشن بڑھ گئی ہے۔ یہ ناکام ترین حکومت اور عمران خان ناکام ترین وزیر اعظم ہیں۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق پاکستان میں کرپشن بڑھ گئی، نواز شریف کے دور میں حالات بہتری کی جانب گامزن تھے۔

لیگی صدر کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کی حکومت شفافیت کے حوالے سے بہتر تھی، اربوں کھربوں منصوبے لگنے کے باوجود کرپشن کم تھی۔ چور چور کا شور مچانے والے اب کیا جواب دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 2018ء کی نسبت 2019ء کے دوران پاکستان میں کرپشن بڑھی: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج ہر محاذ پر ناکام ہونے کے بعد روٹی کا نوالہ چھین لیا گیا، آٹے بحران کے ذمہ داروں کا پتہ لگایا جائے، ہمارے دور میں آٹے کے کثیر ذخیرے ہوتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی موجودہ حکومت ناکام ترین حکومت اور وزیراعظم عمران خان ناکام ترین وزیر اعظم ہیں، جتنی جلدی ان سے جان چھڑائیں گے پاکستان کے لیے اتنا ہی بہتر ہو گا۔
 

Advertisement