کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم ایک روزہ دورے کے دوران کنگری ہاؤس میں پیر صاحب پگارا اور گورنر ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے تو ملاقات کریں گے لیکن ان کے شیڈول میں ایم کیو ایم سے ملاقات شامل نہیں ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کی جانب سے وزیراعظم سے ملاقات کے لئے کوئی دعوت نامہ موصول نہ ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں ایم کیو ایم نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وزیر اعظم دورہ کراچی کے دوران بہادر آباد تشریف لائیں۔
گورنر سندھ کو امید ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کراچی دورہ ایم کیو ایم سے معاملات ٹھیک ہونے کا باعث بنے گا۔ وزیراعظم ایم کیو ایم کے عارضی مرکز جائیں گے یا نہیں البتہ اتحادی جماعت جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگارا سے ملاقات ضرور کریں گے۔
ترجمان جی ڈی اے اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم کے کنگری ہاؤس جانے کی تصدیق کر دی ہے۔ امکان ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ، گورنر کے ہمراہ کراچی ائیرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال کریں گے۔ مختصر دورے کی خاص بات وزیراعظم کی وزیراعلیٰ سندھ سے اہم ملاقات بھی بتاتی جاتی ہے۔
کراچی دورے کے موقع پر وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام اور شوکت خانم میموریل ہسپتال کی فنڈ ریزنگ تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔