لاہور: (روزنامہ دنیا) قبر میں سکون ، وزیراعظم کا یہی بیان سچ پر مبنی تھا، مسائل حل کرنا انکے بس میں نہیں پیپلزپارٹی نہیں چاہتی حکومت غیر آئینی طریقے سے جائے ، پنجاب اسمبلی کے باہر گفتگو
پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہاکہ مسائل حل کرنا عمران خان کے بس کی بات نہیں حکومت ٹک ٹاک اور ٹیکوں پر چل رہی ہے ،پیپلزپارٹی نہیں چاہتی کہ غیر آئینی طریقے سے حکومت جائے مگر آئینی آپشنز اپوزیشن کاحق ہے ، پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں مولا بخش چانڈیو نے کہاکہ پیپلزپارٹی پاکستان اور جمہوریت کی سیاست کرتی ہے ، پنجاب اسمبلی میں حقیقی اپوزیشن پیپلزپارٹی ہی کر رہی ہے ، اپوزیشن کی بہت سی سیاسی جماعتوں کے جہاز کے بادبان گیلے ہو چکے ہیں، سینیٹ میں بھی کردار پیپلزپارٹی ادا کر رہی ہے ، مولا بخش چانڈیو نے کہاکہ پیپلزپارٹی کسی کے آگے جھکے گی نہیں، آج بلاول بھٹو بھی اپنے نانا کے نقش قدم پر سیاست کر رہے ہیں، بے نظیر بھٹو بھی کم عمری میں سیاست کر رہی تھیں، بلاول بھٹو سیاسی بلوغت کا مظاہرہ کر رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ وزیراعظم سب کو چور کہتے ہیں، غریبوں کا جینا محال ہو چکا ہے ، پی ٹی آئی بحرانوں کی پہچان ہے ، یہ حکومت ٹیکوں پر چل رہی ہے ، اللہ کرے وزیراعظم کو ٹیکے لگانے والے زندہ رہیں، پیپلزپارٹی میں یہ روایت نہیں کہ جو قائد کے فیصلے سے انکار کرے وہ موت کا حق دار ٹھہرے ، چانڈیو نے کہاکہ صوبوں کی حق تلفی وفاق کے لیے نقصان دہ ہے ، قبر میں سکون ہے ، وزیراعظم کا صرف یہی بیان سچ پر مبنی تھا۔